جمعرات, مارچ 13, 2025
اشتہار

قیدیوں کے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بڑی خبر، ملک کا پہلا پروگرام شروع

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ حکومت نے قیدیوں کے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے پاکستان کا پہلا پروگرام شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے سزا یافتہ قیدیوں کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں مدد کے لیے پاکستان کا پہلا پروگرام شروع کر دیا گیا۔

پیغام پاکستان کے اشتراک سے قیدیوں کے 10 ہزار سے زائد بچوں کو پرائمری سے یونیورسٹی تک کی تعلیم میں مدد کی جائے گی، اس ضمن میں سینٹرل جیل کراچی میں منعقد ہونے والی تقریب میں وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ اور وزیر جیل خانہ جات حسن علی زرداری نے شرکت کی۔

پرائمری سے یونیورسٹی تک مفت تعلیم دینے کے حوالے سے یہ پروگرام محکمہ تعلیم سندھ، محکمہ جیل خانہ جات اور پیغام پاکستان کی مشترکہ کاوش سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت سندھ کی جیلوں میں قید 4684 سزا یافتہ قیدیوں کے بچوں کو پرائمری سے لے کر یونیورسٹی تک تعلیم حاصل کرنے میں مدد کی جائے گی۔

پہلے مرحلے میں 100 بچوں کے اسکول ایڈمیشن لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں، جب کہ 2638 بچوں کا ڈیٹا بھی جمع کر لیا گیا ہے، جس کے تحت ان کے خاندان کی مشاورت سے ان کو داخلہ لیٹرز دیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق قیدیوں کے بچوں کو اسکول سے یونیورسٹی تک تعلیم دلوانے میں مدد کرنے والا یہ دنیا کا پہلا ماڈل ہے۔

اس پروگرام کے تحت قیدیوں کے بچوں کا ڈیٹا لیا جا رہا ہے، جس کی بنیاد پر خاندان کی مرضی کے مطابق اسکول اور یونیورسٹی تک تعلیم میں 10 ہزار سے زائد بچوں کی مدد کی جائے گی، قیدیوں کے بچے سرکاری یا نجی اسکول یا یونیورسٹی کا انتخاب اپنی اپنی مرضی سے کر سکیں گے۔

وزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری کے مطابق اس پروگرام کی مدد سے بچہ جیل میں قید بچوں کی تعلیم اور ہنر سیکھنے میں بھی مدد کی جائے گی، اس وقت سندھ میں 14 سزا یافتہ بچے قیدی ہیں جب کہ 56 بچے اپنے ماؤں کے ساتھ جیل میں رہ رہے ہیں، ان کی تعلیم کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

پیغام پاکستان کے آرگنائزر پروفیسر محمد معراج صدیقی کے مطابق پروگرام کے تحت قیدیوں کے بچوں کو کاروبار کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے تک کی مائکرو فنانسنگ اور سزا یافتہ قیدیوں کے خاندان کو ماہانہ 12 ہزار روپے تک کی معاونت فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سندھ کے جیلوں میں 24 ہزار قیدی ہیں، جس میں سے 4102 سزا یافتہ قیدی ہیں، جب کہ 582 سزائے موت کے قیدی ہیں۔ ضمیر نامی قیدی نے اپنے تاثرات میں کہا آج ان کے لیے یہ بے حد خوشی اور اطمینان کا دن ہے جب ان کی غیر موجودگی میں ان کے بچے اسکول جائیں گے۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں