پیانگ یانگ: شمالی کوریا کا دنیا کے ساتھ فضائی رابطہ 3 سال بعد بحال ہو گیا، پہلی پرواز بیجنگ میں اتر گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا سے تین سال بعد پہلی بین الاقوامی کمرشل پرواز چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئی، کرونا وائرس کی وبا کے بعد شمالی کوریا نے اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں۔
وبا کے دوران پروازیں بند ہونے کے بعد سے ایئرکوریو کی کوئی پرواز چین نہیں گئی، اس پرواز کو پیر کو بیجنگ پہنچنا تھا لیکن عین وقت پر اس کو منسوخ کر دیا گیا تھا، تاہم ایئرکوریو نے پرواز منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی تھی۔
ٹریکنگ ایپ فلائٹ ماسٹر کے مطابق پیانگ یانگ سے ایئر کوریو کی پرواز منگل کو صبح 9 بجے کے فوراً بعد بیجنگ میں اتری، شمالی کوریا کی فلیگ شپ ایئر لائن، ایئر کوریو نے آخری بار 2020 کے اوائل میں ملک سے باہر تجارتی پرواز چلائی تھی، اس کے بعد پیانگ یانگ نے دنیا کی سخت ترین سرحدی پابندیاں نافذ کر دی تھیں۔
چین کی وزارت خارجہ نے پیر کو کہا کہ چینی ایئرلائن کو بھی شمالی کوریا کے ساتھ پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی منظوری مل گئی ہے۔ ادھر خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک سفارتی ذریعہ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایئر کوریو نے جمعہ کے لیے روس کے ولادی ووستوک کے لیے پروازیں بھی شیڈول کی ہیں۔