گلگت : نلتر ویلی میں منعقدہ عالمی قراقرم میراتھن ریس اختتام پذیر ہوئی، جس میں 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے زیر اہتمام نلتر (گلگت) میں منعقدہ پہلی عالمی میراتھن اختتام پذیر ہوگئی جس میں دنیا بھر سے 150 سے زائد اتھلیٹس نے نلتر (گلگت)کی خوبصورت وادی میں منعقدہ میراتھن میں حصہ لیا۔
پاک فضائیہ نے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈوانچر اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے تھے، سطح سمندر سے11300 فٹ کی انتہائی اونچائی پر اپنی نوعیت کی یہ منفرد میراتھن نوجوانوں اور بوڑھوں، ملکی اور غیر ملکی، مرد و خواتین اتھلیٹس کا حسین امتزاج تھی۔
میراتھن میں شریک تمام اتھلیٹس نے نلتر کے گرد موجود دنیا کے آٹھویں عجوبے قراقرم ہائی وے پر اس دوڑ میں حصہ لیا، 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں شرکت کی جبکہ امیچور کٹیگری میں 21 کلومیٹر پر مشتمل ایک ہاف میراتھن کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
پہلی عالمی میراتھن ریس میں پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل سرفراز خان، ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
42 کلومیٹر پر محیط ریس میں گیزر گلگت کے اسلم خان پہلی جبکہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل مقامی نوجوان اسحاق خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گلگت کے ہی عبید الرحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کی کٹیگری میں غیر ملکی اتھلیٹس چھائی رہیں اور تینوں پوزیشنز اپنے نام کرلی۔ برطانیہ کی کیرولین ڈریو نے پہلی، کینیڈین ہیتھرلی نے دوسری جبکہ ہنگری کی ایڈٹ کس نے تیسری پوزیشن حاصل کر سکیں۔
21 کلومیٹر کی ڈور میں شاہد علی، عدنان خان اور نذر شاہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی کیٹگری کے خواتین کے مقابلوں میں نادیہ رحیم پہلی جبکہ کوکب سرور دوسری اور ثوبیہ علی تیسری پوزیشن کی حامل قرار پائیں۔
مزید پڑھیں : نامورعالمی ایتھلیٹس قراقرم میراتھن میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے
یاد رہے کہ ایک روز قبل 24ممالک کے بہترین ایتھلیٹس قراقرم میراتھن میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے، منفرد مقام اورسطح سمندر سے11300فٹ کی انتہائی اونچائی پر یہ میراتھن چیلنج نلتر ویلی میں منعقد ہو گا۔
42.2KMاور21.1KMکے ان تاریخی مقابلوں میں عالمی اتھلیٹس کے ساتھ پاک افواج کے 70اور پاکستان کے 30ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ اس میراتھن کا مقصد بین الاقوامی شہرت یافتہ ایتھلیٹس کو پاکستان کی خوبصورتی سے روشناس کراناہے۔
یہاں امر قابل ذکر ہے کہ دس سال کے ایتھلیٹ سے لے کر 80سال کی عمر کے اتھلیٹس اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ دنیا کے مختلف مما لک کے عالمی شہرت یافتہ رنرز جیسا کہ زیاد رحیم ( پاکستان)، ڈاکٹر جرگن کوہلمے ( جرمنی) ، جانوس اور ایڈٹ کِس (ہنگری) ، جان لم ینگ( ٹرینیڈاڈ) ، گوسپ راگوسو ( اٹلی) جے سی سانتا ٹریسا ( امریکہ) ، رین اولسن (ڈنمارک) اور کولن لی (یو کے) اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس ایونٹ میں اپنے معیار کی بلندی کے خواہاں پاکستانی ایتھلیٹس کو سیکھنے اور اپنے جوہر دکھانے کا ایک شاندار موقع میسر آ ئے گا، مزید براں آسٹریلیا ، بیلجیم مصر، تونیسیا، فیرو آئی لینڈ ، پولینڈ، قطر ، یو اے ای، ارجنٹینا ، آئرلینڈ، تائیوان ، چائنا ، سکاٹ لینڈ اورنیدر لینڈ کے رنرز بھی اس میراتھن میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔