جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے بایو میتھین گیس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : گڈاپ میں پاکستان کے سب سے بڑے بایو میتھین گیس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کردیا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے آج گڈاپ کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے بایو میتھین گیس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کردیا۔

پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سید قاسم نوید قمر نے گائے بھینسوں کے گوبر سے بایو میتھین گیس بنانے کا پلانٹ لگانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ میسرز بایو ویسٹ انرجی وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کا یہ پلانٹ صاف اور ماحول دوست توانائی کی جانب اہم پیشرفت ہے ۔

سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ماحول دوست بایو میتھین گیس کے اس پراجیکٹ سے ڈیری صنعت سے وابستہ بزنس مین گوبر سے کار آمد گیس حاصل کرنے کی افادیت سے آگاہ ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ اس اقدام سے ڈیری سیکٹر کو معاشی استحکام ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔

سید قاسم نوید نے کہا کہ صدرِ پاکستان محترم آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ معیشت کے استحکام اور روزگار کے مواقعوں میں اضافے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حامل منصوبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی ہرممکن معاونت کررہی ہے، سندھ حکومت بایو میتھین گیس کے ایسے پراجیکٹ لگانے والے ڈیری فارمرز کو بینک قرضوں پر سندھ انٹر پرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ (ایس ایس ڈی ایف ) کی جانب سے کائبور سبسڈی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے۔

بایو ویسٹ انرجی وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقاص محسن نے بتایا کہ یہ پلانٹ 23 ہزار میٹر کیوب بایو میتھین گیس پیدا کرسکے گا اور 4 سے 5 میگاواٹ بجلی بھی روزانہ پیدا کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوبر سے گیس کے ساتھ ساتھ حرارت اور گیس بننے کے دوران بچنے والی راکھ سے اینٹیں بناسکتے ہیں، اس پلانٹ میں روزانہ 380 ٹن بایو ویسٹ استعمال ہوگا۔بتایا گیا کہ پلانٹ میں استعمال ہونے والے پانی کو ری سائیکل کرکے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں