یہ قدیم چھپائی والی پرنٹنگ مشینوں کا وسیع و عریض حیرت انگیز میوزیم ہے، اور بڑی بات یہ ہے کہ یہ ایشیا کا پہلا پرنٹنگ پریس میوزیم بھی ہے!
کراچی میں قائم ہونے والا ایشیا کا پہلا پرنٹنگ پریس میوزیم طباعت کے تاریخی تسلسل کی شان دار مثال ہے، اس پہلے میوزیم میں پہلی طباعت کا ارتقا اور زمانہ قدیم سے آج تک ہونے والی طباعت اس شہر کے منفرد ورثے کا حصہ بن چکی ہے۔
کراچی میں عبداللہ ہارون روڈ پر گورنر ہاؤس سے متصل قائم ہونے والے ایشیا کے پہلے پرینٹنگ پریس عجائب گھر میں قدیم مشینوں کو پرنٹنگ کے مختلف مراحل اور ادوار کو خوب صورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
اس میوزیم میں 1830 سے 1954 تک کی قدیم اور نایاب چھپائی کی قیمتی مشینوں کو ان کی اصل حالت میں پیش کیا گیا ہے، یہاں ہر مشین کی اپنی کہانی ہے، جو پرنٹنگ کی دنیا میں سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔ اس عجائب گھر میں 175 سال کے دوران استعمال ہونے والی پرینٹنگ مشینوں کو پہلی مرتبہ محفوظ کیا گیا ہے۔
20 ہزار اسکوائر فٹ کے اس قدیم ہال میں شائقین کے لیے مختلف ادوار کی پرینٹنگ کے ریکارڈ کے لیے علیحدہ سیکشن بنایا گیا ہے، یہ میوزیم شائقین کے لیے پرینٹنگ کی قدیم دنیا سے جدید دنیا تک کے سفر کی تاریخ کو فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ یہ میوزیم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور عنقریب اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔