پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر سے ہو رہا ہے پہلے ٹیسٹ کے موقع پر پرتھ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی شائقین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بینو قادر سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو پرتھ ٹیسٹ سے ہو رہا ہے جس کو ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا گیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
پاکستانی شائقین کے لیے پرتھ اسٹیڈیم میں مخصوص پاکستان بے بنایا گیا ہے اور قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم کے قریب دو اسٹینڈز کو پاکستان بے قرار دیا گیا ہے ساتھ ہی اس کو الکحل فری زون بھی قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان بے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کو الکحل فری زون قرار دیا گیا ہے جب کہ یہاں شانقین کے لیے چائے، حلال فوڈ اور دیسی کھانے دستیاب ہوں گے۔
میچ کے پہلے روز پاکستانی شائقین کیلیے خصوصی واک کا بھی اہتمام کیا ہے۔ واک کے شرکا مشہور سلانی ایونیو سے پرتھ اسٹیڈیم پہنچیں گے، قومی فاسٹ بولر حسن علی اور بیٹر صائم ایوب نے فینز سے اس واک مٰں شرکت کی اپیل کی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا آمد کے بعد ویسٹ ٹیسٹ کی ٹکٹوں کی فروخت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کا ٹکٹ 30 ڈالر مقرر کیا گیا ہے اور اب تک اس میچ کی 18 ہزار ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں تاہم پاکستان بے کے ٹکٹ رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے پہلے ٹیسٹ کچھ منفرد ہوگا!
چار سال سے کم عمر بچوں کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہے جب کہ چار سے پندرہ سال تک کے بچوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت دس ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔