چمن : کوئٹہ چمن، سوات مینگورہ میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، خشک سالی کے اختتام پر شہریوں نےخوشی کا اظہار کیا،بارش کے ساتھ ہی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی سردی کی شدت بڑھ گئی، کئی روز سے جاری خشک موسم ختم ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور ٹھنڈے ٹھنڈے موسم کا مزا لینے کے لئے الاؤ جلالئے۔
چمن میں بھی سردی کی پہلی بارش نے چمن کے شہریوں کو خوشی سے نہال کردیا جبکہ سوات مینگورہ سمیت دیگر شہروں میں رم رجھم نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،تاہم ہفتہ سے پیر کے دوران اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان ، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں کوئٹہ، ژوب ، راولپنڈی میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
گزشتہ روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔