کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے حسن اسکوائر پر اسٹال لگانے والے مچھلی فروش نے عدالت سے رجوع کرلیا، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایشن کی اجازت سے اسٹال لگایا اب اسٹال بند کرنے کا نوٹس دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے مچھلی فروش کی کاروبار اٹھانے کے خلاف فوری درخواست کی سماعت مسترد کردی، عدالت نے فٹ پاتھ پر مچھلیاں فروخت کرنے کا اسٹال لگانے پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ کیس کی سماعت پہلے ہی 5 مئی کو مقرر ہے۔ پہلے ثابت کریں کہ آپ کا اسٹال قانونی ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ یہ دکان نہیں فٹ پاتھ ہے جہاں قبضہ کر رکھا ہے۔
درخواست گزار مچھلی فروش نے کہا کہ حسن اسکوائر ایسوسی ایشن نے ہمیں اجازت دی جس پر جج نے استفسار کیا کہ ایسوسی ایشن کو فٹ پاتھ دینے کا اختیار کس نے دیا؟
سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔