کراچی: پی ٹی آئی حکومت کی فشنگ پالیسی کے تحت وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے مچھیروں کی بہبود کے لیے بڑا اعلان کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق برسوں سے نظر انداز ماہی گیر کمیونٹی کا صبر اور انتظار رنگ لے آیا، مچھیروں کو سرمائے کی فراہمی کے لیے اہم قدم اٹھا لیا گیا۔
وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے ایک بیان میں کہا کہ محرومیوں میں دھنسی جفا کش ماہی گیر برادری کے لیے آج بڑا دن ہے، اب سرمائے کی قلت یا عدم دستیابی ماہی گیری میں رکاوٹ نہیں ڈال سکے گی۔
انھوں نے خوش خبری دی کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت ماہی گیروں کو سرمایہ فراہم کرے گی، اس سلسلے میں وزارت بحری امور نے بینک آف پنجاب اور کامیاب جوان پروگرام کو یک جا کر دیا ہے۔
A big step for the fishing sector which has been neglected for decades.@MaritimeGovPK is also finalizing a new fishing policy which will benefit our mahigeer community & uplift this very important but ignored sector.
May Allah guide us!
— Ali Haider Zaidi (@AliHZaidiPTI) November 23, 2020
علی زیدی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے بلیو اکانومی کے وژن کی روشنی میں یہ قدم اٹھایا گیا ہے، علی زیدی نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے اب وزارت بحری امور ماہی گیروں کا ہاتھ تھامے گی، ہم ماہی گیروں کو آلات، ساز و سامان اور نئی کشتیاں خریدنے کے لیے سرمایہ دیں گے۔
ماہی گیروں کی قسمت چمک اٹھی، بڑ ی تعداد میں نہایت اعلیٰ ذائقے والی مچھلی پکڑی گئی (ویڈیو)
انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کورنگی فش ہاربر اور میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ میں بوتھ قائم کیے جا رہے ہیں، جن کا انتظام وزارت بحری امور اور بینک آف پنجاب سنبھالیں گے، اور اہل درخواست گزاروں کو سرمائے کے حصول میں معاونت فراہم کریں گے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ ماہی گیر برادری کی بہبود و ترقی کے لیے فشنگ پالیسی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، عشروں سے نظر انداز اس طبقے کے لیے جلد مزید خوش خبریاں بھی دیں گے۔