آسٹریلیا : پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہناہےکہ ٹیم کو جیت کےلیے فیلڈنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کےمطابق مکی آرتھر نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری ایک روزہ میچ کے بعد کہا کہ ہم فیلڈنگ پر بہت زیادہ کام کرچکے ہیں۔
پاکستانی ہیڈ کوچ کا کہناتھاکہ میں اور میرا اسٹاف 7ماہ سے فٹنس کی سطح پر توجہ مرکوز کیا ہوا ہے اور ہماری روزانہ کی رپورٹس کے مطابق فٹنس میں بہتری ہوئی ہےلیکن ہم دیگر ٹیموں سے بہت پیچھے ہیں۔
مکی آرتھرکا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز جانے سے قبل ایک مرتبہ پھر فٹنس اور فیلڈنگ ہمارا ہدف ہوگا۔
ویسٹ انڈیز کے دورے کی تیاریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کیمپ کے لیے پی ایس ایل کے بعد وقت ملے گا اور ہم اس حوالے سے سخت کام کریں گے کیونکہ ہم اس میدان میں ہدف حاصل نہیں کرپائے ہیں۔
مزید پڑھیں:ہماری فیلڈنگ انتہائی ناقص تھی، اظہرعلی کا اعتراف
یاد رہےکہ اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہاتھاکہ فیلڈرز کیچز پکڑ لیتے تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا،انہوں نے اعتراف کیا تھاکہ ہماری فیلڈنگ انتہائی ناقص تھی۔
واضح رہےکہ پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز میں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھاجہاں فیلڈنگ کا معیار انتہائی ناقص رہا تھا۔