سکھر: پولیس نے شکارپور کے کچے میں ڈاکوؤں کے چنگل سے پانچ مغویوں کو بازیاب کرالیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے دباؤ میں آکر پانچوں مغویوں کو چھوڑا، بازیاب ہونے والوں میں نجیب پٹھان، عنایت، عبدالحی، ماجھی اور دیگر شامل ہیں۔
ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شکارپور میں ڈاکووں کی گرفتاریوں اور تمام مغویوں کی بازیابی تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ شکارپور میں کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن کئی روز سے تعطل کا شکار تھا، آپریشن کے تعطل پر ایس ایس پی شکارپور تنویر احمد تنیو کئی بار میڈیا کو یہ باور کراچکے کہ ڈاکوؤں کے خلاف نتیجہ خیز آپریشن ہوگا، جس کے لئے کچے کے مختلف علاقوں میں پولیس کی چوکیاں قائم کی جاچکی ہیں۔
شکارپور آپریشن می کراچی سے بھیجے گئے 200 پولیس کمانڈوز سمیت 700 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں،پولیس کا دعویٰ ہے کہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے 200 سے زائد ٹھکانوں کو مسمار کر کے آگ لگائی جاچکی ہے۔