کوئٹہ : کراچی میں مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے 5 بچوں کو نماز جنازہ کے بعد پشین میں سپرد خاک کردیا گیا جبکہ بچوں کی پھوپھو بھی چل بسی اور والدہ زیر علاج ہے، والدفیصل زمان کا کہنا ہے کہیں غفلت ہوئی تو پردہ نہ ڈالا جائے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں فوڈپوائزننگ سے جاں بحق ہونے والے پانچوں بچوں کی نمازجنازہ خانوزئی عیدگاہ پشین میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، سیاسی رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نمازجنازہ میں شریک ہوئی۔
نماز جنازہ کے بعد پشین میں مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔
دوسری جانب کراچی میں زیرعلاج بچوں کی پھوپھوبھی دم توڑ گئیں، اٹھائیس سالہ بینا کی میت بھی آبائی علاقے روانہ کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : مضر صحت کھانےسے5 بچوں سمیت 6افرادکی ہلاکت، تحقیقاتی ٹیم نےکام شروع کردیا
مضر صحت کھانےسے5 بچوں سمیت 6افرادکی ہلاکت کے معاملے پر بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم نےکام شروع کردیا، ،تفتیشی ٹیم نے قصرنازانتظامیہ سے ڈیوٹی چارٹ اور کیڑے مارنے والی دوائی کےمتعلق تفصیلات بھی طلب کرلیا ہے۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق کمرے سے بریانی کے دو خالی باکسز ملے تھے، دونوں باکسز اسٹوڈنٹ بریانی سے منگوائےگئے تھے، فیصل زمان اپنی فیملی کے لیے دو ڈبل بریانی کے باکس خرید کر لایا تھا،ایک باکس ایچ ای جے کراچی یونیورسٹی اور ایک باکس ایس جی ایس کورنگی بھجوا دیئے ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز پشین سے آئے اخوندزادہ فیصل زمان کی فیملی کے ساتھ فوڈپوائزنگ کا واقعہ پیش آیا، جنہوں نے صدر کےایک ہوٹل سے بریانی کھائی، بریانی کھانے کے بعد فیصل زمان کی اہلیہ کی طبیعت بگڑگئی، وہ انہیں لےکراسپتال پہنچے تو پیچھے سے بچوں کی موت کی خبرآگئی۔
جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سال کاعبدالعلی چار سال کا عزیز چھے سال کی عالیہ، سات سال کا توحید اور نو سال کی صلویٰ شامل ہے، فیصل زمان کے پانچ ہی بچے تھے۔
پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے نوبہارریسٹورنٹ اور قصرناز گیسٹ ہاؤس سے بریانی دودھ اور دیگر کھانے کی چیزوں کے سیمپل اکٹھے کرلیے اور ہوٹل سیل کرکے 18 ملازمین کوحراست میں لیا تھا ، جن سے تحقیقات کی جارہی ہے۔