کراچی : گلشن اقبال میں عزیز بھٹی پارک کے قریب جھونپڑیوں میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں عزیز بھٹی پارک کے قریب جھونپڑیوں میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی ، جس کے نتیجے میں 4بہن بھائی جاں بحق جبکہ ایک بچی آگ سے جھلس زخمی ہوئی۔
ریسکیوذرائع کا کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں8سے12سال کےدرمیان ہیں، آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا اورآتشزدگی کے نتیجے میں پانچ جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ سے جھلس زخمی ہونے والی بچی دوران علاج چل بسی، جس کے بعد واقعہ میں جاں بحق بچوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔
فائربریگیڈ حکام نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے وقت 5 بہن بھائی جھونپڑی میں موجود تھے اور ان کے والدین کام پر گئے تھے۔
یاد رہے گذشتہ سال کراچی میں معاوضے کی خاطر تین ہٹی پر درجنوں جھونپڑیوں کو آگ لگانے کا انکشاف سامنے آیا ، پولیس نے بتایا لیاری ندی ہندو پاڑہ بستی کے 4 نوجوانوں نے آگ لگائی۔