چکوال: موٹروے سالٹ رینج پر مسافر بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے،حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق چکوال میں موٹروے کلر کہار پر مسافربس بے قابو ہوکر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں پانچ مسافر جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے۔
جس میں چار زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، حادثےکا شکار بس راولپنڈی سے وہاڑی جارہی تھی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کےباعث پیش آیا تاہم ریسکیو اہلکار، پولیس اور علاقہ مکین نے جائے وقوعہ پر ملبے میں پھنسے زخمی افراد کو نکال کر قریبی ایم ایس ٹراما کلر کہار منتقل کیا۔
اس سے قبل بلوچستان میں قلات کے قریب 2 بسیں ٹکرا گئیں تھیں ، حادثے میں 5 مسافر جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔
لیویز حکام کے مطابق حادثے کا شکار ایک بس کوئٹہ سے کراچی اور دوسری کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی تاہم لاشیں اور زخمی قلات اسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔