رمضان المبارک کے با برکت مہینے میں فرزندان اسلام رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے میں مصروف ہیں، جبکہ مقدس ماہ کے دوران سحری اور افطاری کے لئے خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔
بعض اوقات افطار و سحر میں کھانے کے دوران کی جانے والی بے احتیاطی کے باعث بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑ جاتا ہے، ہم آج سحری سے متعلق 5 ایسی چیزوں کا ذکر کریں گے جنہیں استعمال کرنے سے روزہ داروں کو پرہیز کرنا چاہئے۔
سحری کے وقت فروٹ جوس، سوڈا اور دیگر اقسام کے انرجی ڈرنکس (مشروبات) ہرگز نہ پئیں، ان مشروبات میں الگ سے چینی کو شامل کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بلڈ شوگر لیول زیادہ ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، کیونکہ ہائی بلڈ شوگر کھانے کی خواہش کو بڑھاتا ہے۔ اس لئے سحری میں اس طرح کے مشروبات کے استعمال سے بچنا چاہیے۔
رمضان المبارک میں سحری میں زیادہ مصالحے دار کھانا کھانے سے گریز کرنا چاہیے۔ سحری کے وقت اس طرح کا کھانا کھانے سے ہیٹ برن اور ایسڈ ریفلکس کی پریشانی میں اضافہ کر سکتا ہے، جس سے آپ پورے دن خود کو بیمار محسوس کر سکتے ہیں اس کے علاوہ ساتھ ہی اس طرح کے کھانے سے پیاس کی شدت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔
سحری میں زیادہ تلی، بھونی اور مصالحے دار چیزوں سے پرہیز کرنا چاہئے، اس طرح کے کھانے میں غیر صحت بخش چکنائی (فیٹس) اور کیلوریز کی مقدار زیادہ ہوتی ہیں۔ خاص طور سے سموسے، پکوڑے، پوری، کچوڑی اور مٹن وغیرہ کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے، کیونکہ سحری میں اس طرح کا کھانا کھانے کے بعد آپ کو پورے دن بدہضمی، کھٹی ڈکار، گیس جیسے مسائل سے نمٹنا پڑ سکتا ہے۔
سحری میں چائے اور کافی کا استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے، چائے اور کافی میں موجود کیفین بھی جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتی ہے، جس سے آپ کو روزے کی حالت میں زیادہ پیاس لگ سکتی ہے، اس کا نقصان یہ ہوگا کہ آپ روزے کی حالت میں پانی بھی نہیں پی سکتے، ایسے میں سنگین بیماری کا خدشہ لاحق ہو سکتا ہے۔ سحری میں چائے/کافی کی جگہ چھاچھ اور ناریل پانی کا استعمال کرنا بہت اچھا ہے۔
ماہ رمضان میں فٹنس کا خیال کیسے رکھا جائے؟
نمک کا استعمال سحری کے وقت محدود مقدار میں ہی کریں تو اچھا ہے۔ زیادہ نمک کھانے سے جسم میں سوڈیم کی سطح میں اضافہ ہوجاتا ہے، جس سے پانی کی کمی کا مسئلہ بڑھ جاتا ہے۔ اس سے آپ کو دن کے وقت میں زیادہ پیاس لگ سکتی ہے۔ اب جب کہ روزے کے دوران آپ پانی بھی نہیں پی سکتے ہیں تو ایسے میں نمک کے زیادہ استعمال سے روزہ کے دوران کافی پریشانی ہوسکتی ہے۔