مزدبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر الرشیدیا کے کیفے ٹیریا میں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر الرشیدیا کے کیفے ٹیریا میں گیس سلنڈر اس وقت دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں بیٹھے لوگ کھانا کھانے میں مصروف تھے، دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
کیفے ٹیریا انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں 2 کسٹمرز، 2 ملازمین اور گیس سلنڈر پہنچانے والا شخص شامل ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
سلنڈر پہنچانے والے شخص کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دیگر 4 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔
کیفے ٹیریا کے برابر میں واقع ٹیلر کی دکان کے ملازم کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات، گھر میں ہولناک آتشزدگی، 8 افراد جاں بحق
عینی شاہد کے مطابق دھماکے کے بعد کیفے ٹیریا کے شیشے ٹوٹ گئے اور ملازم زخمی حالت میں باہر نکلے تاہم ایمبولینس اور پولیس جائے وقوعہ پر فوراً پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
کیفے ٹیریا کے بھارتی مالک سجو سلیمان کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گیس سلنڈر پہنچانے والا شخص خالی سلنڈر ہٹا کر اس کی جگہ دوسرا گیس سلنڈر لگا رہا تھا۔
سجو سلمان کے مطابق وہ 2 گیس سلنڈر کیفے ٹیریا کے باہر رکھتے ہیں تاہم ایک سلنڈر باورچی خانے میں رکھا تھا اس کو تبدیل کرنے کے دوران دھماکا ہوا۔
ہوٹل مالک کا کہنا ہے کہ دھماکے سے کچن میں رکھا ہوا سامان فریج، کرسیاں، ٹیبل اور شیشے ٹوٹ گئے اور تقریباً 150000 درہم کا نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے رپورٹ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔