اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا، غیر قانونی حراست اور بھتہ طلب کرنے پر اسلام آباد پولیس کے تھانیدار سمیت 5 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے نے پانچوں اہلکاروں کو ضمانتیں خارج ہونے پر گرفتار کیا۔ ملزمان میں سی آئی اے اسلام آباد کے اے ایس آئی رانا تسنیم، ہیڈ کانسٹیبل محمد بلال، مبشر الرحمان، شکیل احمد، اور کانسٹیبل عدیل احمد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے معراج بی بی کی درخواست پر انکوائری اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر شروع کی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں نے پرائیویٹ افراد کی ملی بھگت سے درخوات گزار کے پوتے کو غیر قانونی حراست میں رکھا، اس پر تشدد کیا اور بھتہ طلب کرتے رہے۔
اسلام آباد پولیس کے سی آئی اے آر ڈی یو کے ڈی ایس پی فیاض رانجھا، اے ایس آئی رن تسنیم احمد، عدیل احمد خان کانسٹیبل وغیرہ کے خلاف ابتدائی طور پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں امجد کانسٹیبل، شکیل اختر کانسٹیبل، مبین کوثر لیڈی کانسٹیبل، اظہر جاوید کانسٹیبل، محمد بلال کانسٹیبل، مبشر رحمان کانسٹیبل، عمر دراز کانسٹیبل اور آصف احسان اور بوٹا بھی نامزد تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔