کراچی : سابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا قتل میں ملوث 5 اہم ملزمان گرفتار کرلیا گیا ہے ، اہم انکشاف میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ لیاری سے تعلق رکھنے والی 11 رکنی ٹیم سابق ایم این اے کے قتل میں ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا قتل معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور علی رضا عابدی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 5 اہم ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں، اعلی حکام کا سابق ایم این اے کا قتل سیاسی بنیادوں پر کروایا گیا، قانون نافز کرنے والے اداروں کیجانب سے ملزمان کو لیاری سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان براہ راست علی رضا عابدی قتل میں ملوث ہیں۔
ملزمان نے دوران تفتیش تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا ٹارگٹ کلرز نے علی رضا عابدی کو اجرت لے کر نشانہ بنایا ، آٹھ ملزمان نے مختلف طریقوں سے علی رضا عابدی کی ریکی مکمل کی۔
اہم انکشاف میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ لیاری سے تعلق رکھنے والی 11 رکنی ٹیم سابق ایم این اے کے قتل میں ملوث ہے، ایک ماہر بائیک رائڈر اور شوٹر کو علی رضا عابدی قتل کے لیے تیار کیا گیا۔
قتل کیس کے دونوں مرکزی ملزمان دیگر ساتھیوں سمیت ایران فرار ہوچکے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تفتیشں کے مطابق علی رضا عابدی قتل کا معاملے کا سراغ احتشام قتل واقعے سے ملا، دس دسمبر کو لیاقت آباد میں احتشام نامی نوجوان کو قتل کیا گیا تھا، اجرتی قاتلوں نے احتشام کے قتل میں بھی یہی اسلحہ استعمال کیا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق
احتشام کے قتل میں عرفان نامی بکی ملوث تھا جبکہ علی رضا عابدی قتل کیس میں کراچی کے کئی بکیز کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ، قتل کی واردات کا ماسٹرمائنڈ کون ہے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ بیس دن قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا۔
بعد ازاں سیکورٹی اداروں نے ان کے قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا، اہم ملزم ایئر پورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے حراست میں لیا گیا، اس کی نشان دہی پر مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔