بھارت کے شہر پونے میں ہالی ووڈ فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ کے انداز میں اے ٹی ایم مشین لوٹنے والے گینگ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کونڈوا پولیس کا بتانا ہے کہ دو اے ٹی ایم مشین اکھاڑنے اور کیش چوری کرنے میں ملوث پانچ رکنی گینگ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان کو اے ٹی ایم میں چوری کی تحریک ہالی ووڈ فلم فاسٹ اینڈ فیورس 4 سے ملی تھی اور ملزمان واردات کے بعد گاڑی سمیت ٹرک میں سوار ہوجاتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے اے ٹی ایم مشین کے لاک کو کاٹنے کے لیے گیس کٹر کا استعمال کیا، ملزمان کے قبضے سے آلات بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد 2 درجن سے زائد پولیس کی گاڑیوں نے ٹرک کا پیچھا کیا اور کئی میل تک پیچھا کرنے کے بعد جب ٹرک کو روکا گیا تو اس کے کیبن میں 5 افراد موجود تھے جب کہ ٹرک کے اندر اے ٹی ایم مشینیں بھی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ ایک ملزم نے پولیس پرحملہ کیا اور گینگ نے کیش لے کر بھاگنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ عدالت نے ملزمان کو 20 جنوری تک پولیس کی تحویل میں دیا ہے۔