لاہور : مسلم لیگ ن کے5 ایم پی ایز کے خلاف صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے پانچ ایم پی ایز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ایم پی اے نوابزادہ وسیم خان کی مدعیت میں 5 دفعات کے تحت درج کیا۔
کیس میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا مشہود خان، مرزا جاوید، رخسانہ کوثر، سیف الملوک کھوکھر اور میاں عبدالرؤف کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ لیگی ایم پی ایز نے اسپیکر کے الیکشن میں اسمبلی کی کارروائی متاثر کی، ایم پی ایز نے بیلٹ بک چھین کر پھینک دی۔
ایف آئی آر میں کہنا تھا کہ بیلٹ بک خاتون ایم پی اے رخسانہ کوثر سے برآمد کی گئی، بیلٹ بک کے اہم صفحات کو پھاڑا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق لیگی ایم پی ایز نے کارسرکار میں مداخلت کی، انہوں نے پولنگ اسٹاف پر حملہ کیا، الیکشن میٹریل کو نقصان پہنچایا۔
خیال رہے یہ مقدمہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ سمیت 13 دیگر رہنماؤں کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کیے جانے کے چند منٹ بعد درج کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی 25 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 14 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔