پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث ایس ایس پی اورایس پیز کو او ایس ڈی بنا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث 5 افسران کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا، افسران میں معروف واہلہ، طارق عزیز،عبدالرحیم شیرازی ،آفتاب پھلڑوان،عمران کرامت بخاری شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ایس ایس پی اورایس پیز کو کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنانے کے احکامات کر دیئے ہیں، او ایس ڈی کئے جانے والوں میں معروف واہلہ، طارق عزیز، عبدالرحیم شیرازی ،آفتاب پھلڑوان،عمران کرامت بخاری شامل ہیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسران جنہیں سابق آئی جی پنجاب محمد طاہر نے وزیر اعظم پاکستان کے حکم کے باوجود او ایس ڈی نہیں بنایا تھا اور انہیں مختلف اضلاع میں تعینات کردیا تھا۔

یاد رہے 17 اکتوبر کو بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث 116پولیس اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا، جن میں ڈی ایس پی،انسپکٹر،انچارج انویسٹی گیشن رینک کے اہلکار شامل تھے۔

تمام اہلکاروں کو پولیس لائن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا ، ہٹائے گئے اہلکاروں میں میاں شفقت، میاں یونس اور رضوان قادر، عامر سلیم جبکہ احسان اشرف بٹ اور عبد اللہ جان کو بھی ایس ایچ اوز کے عہدوں سے ہٹایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث116پولیس اہلکاروں کوعہدوں سے ہٹا دیا گیا

اس سے قبل سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث چار ایس پیز کو پہلے ہی فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا دیا گیا تھا۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹرطاہرالقادری سے رابطہ کرکے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کانشانہ بننے والوں کو انصاف فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو فرار کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عوامی تحریک کو عدالتوں سے انصاف ملنا چاہیئے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کل بھی عوامی تحریک کے ساتھ تھے اور آج بھی ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ جون 2014 میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں جامع منہاج القرآن کے دفاتر اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر بیرئیر ہٹانے کے لیے خونی آپریشن کیا گیا، جس میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جب کہ 90 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں