راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران کیپٹن سمیت پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دورارن فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5 جوان بھی شہید ہوئے، جن میں کیپٹن عبدالولی، نائب صوبیدار نواز، حوالدار غلام علی، لانس نائیک الیاس اور سپاہی ظفراللہ شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں بھی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں دہشت گرد کمانڈر طفیل مارا گیا ہے، ہلاک دہشتگردکے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارا گیا دہشت گرد فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، جبکہ دیسی ساختہ بموں کی تیاری اور شہریوں کےقتل میں بھی ملوث رہا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کےلئے آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔