نئی دہلی: یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ تقریب کے موقع پر پاکستانی ہائی کمشنرعبد الباسط نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں کو آزادی کے خواب کی تعبیر ملی۔ پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے کی ذمہ داری ہم سب پر ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم کے پر امن ہمسائیگی وژن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل چاہتا ہے۔
بھارت سے تعلقات کے موضوع پر ان کا کہنا تھا کہ معنی خیز مذاکرات سے ہی دیرپا امن یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ امن پاکستان اور بھارت دونوں کے مفاد میں ہے۔ بھارت سے مذاکرات کی خواہش کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی فوج کو تیاری کے لیے وقت درکار نہیں، عبد الباسط
عبد الباسط کا کہنا تھا کہ دو طرفہ مسائل پر ہمارا مؤقف اصولی اور عالمی قوانین کے مطابق ہے۔
یوم پاکستان کی تقریب میں پاکستانی ہائی کمیشن اسکول کے طلبہ نے ٹیبلو بھی پیش کیا۔