کراچی: پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کو یوم یک جہتیٔ کشمیر کے طور پر منانے کے حکومتی فیصلے کے بعد کشمیر کے جھنڈے کی طلب بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ 14 اگست کو یوم آزادی اس بار مقبوضہ کشمیر کے ساتھ یک جہتی کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔
حکومتی اعلان کے بعد عوام کی طرف سے بھی پذیرائی ملنے لگی ہے، مارکیٹ میں کشمیر کے جھنڈے کی ڈیمانڈ بڑھ گئی۔
یوم آزادی پر پاک وطن کے پرچم چھاپنے والے پرنٹرز کا کہنا ہے کہ کراچی کی مارکیٹ سے بڑی تعداد میں آرڈر کے بعد جھنڈوں کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔
تازہ ترین خبریں پڑھیں: کشمیر پر کشمیریوں کا جتنا حق ہے اتنا ہی پاکستانیوں کا بھی ہے: شیخ رشید
ادھر چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر شہریوں کا جوش و جذبہ بڑھ گیا ہے۔
عتیق میر نے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم اس کی بڑی وجہ ہے، 72 ویں یوم آزادی پر پرچموں کی خرید و فروخت کا سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ یوم آزادی کو یوم یک جہتیٔ کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ ہوا ہے، جس کے لیے کشمیر بنے گا پاکستان کا لوگو بھی تیار کر لیا گیا ہے، یوم آزادی کو یوم یک جہتیٔ کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی نے کیا تھا۔
14 اگست پر کشمیر سے منسوب قومی لوگو پر کشمیر بنے گا پاکستان کا مقبول نعرہ درج کیا گیا ہے، لوگو میں سرخ رنگ سے لکھا کشمیر جدوجہد آزادی کی قربانیوں کو ظاہر کر رہا ہے۔
کشمیر کی آزادی کے لیے ہر حد تک جانے کے جذبے کو خون کے سرخ سے اجاگر کیا گیا، لوگو میں پاکستان کا جھنڈا کشمیر بنے گا پاکستان کا عزم لیے لہرا رہا ہے، جب کہ لوگو کے گرد سرخ رنگ کی لکیر کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے و مظالم کو ظاہر کر رہی ہے۔