اسلام آباد: احتساب عدالت میں فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت ہوئی، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا پر جرح جاری رکھی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج ساڑھے 11 بجے ہونی تھی، تاہم نواز شریف کے عدالت نہ پہنچ سکنے کی وجہ سے سماعت دیر سے شروع ہوئی۔
[bs-quote quote=”نواز شریف کا فلیگ شپ کے قیام کے لیے رقم منتقلی کا اکاؤنٹ نہیں ملا، جے آئی ٹی نے بیرون ملک اکاؤنٹس کی تفصیلات معلوم ہی نہیں کیں: گواہ” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
سابق وزیرِ اعظم کے وکیل نے جے آئی ٹی سربراہ پر جرح شروع کی، انھوں نے واجد ضیا سے سوال کیے کہ کیا ایسی کوئی دستاویز ہے جس سے ظاہر ہو کہ نواز شریف نے فلیگ شپ کے لیے سرمایہ کاری کی؟ فلیگ شپ کے قیام کے لیے رقم منتقلی سے متعلق کوئی اکاؤنٹ ملا؟ کسی گواہ نے کہا کہ نواز شریف نے فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے قیام میں مدد کی؟
واجد ضیا نے جواب دیا کہ نہیں کوئی ایسی دستاویز یا بیرون ملک بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات نہیں ملیں۔ جب کہ گواہ نے کہا کہ نواز شریف کا فلیگ شپ کے قیام کے لیے رقم منتقلی کا اکاؤنٹ نہیں ملا، جے آئی ٹی نے بیرون ملک اکاؤنٹس کی تفصیلات معلوم ہی نہیں کیں۔
احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل صبح ساڑھے 9 بجے تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کر رہے ہیں، انھوں نے ملزم کا سوال نامہ بھی تیار کر لیا تھا، ذرائع کے مطابق نواز شریف کو 100 سے زائد سوالوں کے جواب دینے ہیں۔
گزشتہ روز وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزم کا بیان ان کی موجودگی میں قلم بند کیا جائے، انھوں نے اس سلسلے میں عدالت کو اپنی مصروفیات سے بھی آگاہ کیا، خیال رہے کہ ملزم کو پیشگی سوال نامہ بھجوانے پر گزشتہ روز نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض ریکارڈ کروایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری نے بیان دیا نواز شریف 100فیصدجیل جائیں گے، عدالت سوموٹولے، مریم اورنگزیب
قبل ازیں، احتساب عدالت نے ریفرنسز کی سماعت کے لیے آج ساڑھے 11 بجے کا وقت مقرر کر رکھا تھا تاہم نواز شریف اور ان کے وکیل خواجہ حارث وقت پر عدالت نہیں پہنچے، العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کا 342 کا بیان ریکارڈ کیا جانا تھا۔
نواز شریف کے عدالت نہ پہنچنے پر ان کے معاون وکیل نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، وکیل نے کہا کہ راستوں کی بندش کے باعث نواز شریف پیش نہیں ہو سکتے، عدالت نے نواز شریف کو ایک روز کا حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔