جدہ : سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کو نجی ائیر لائن نے دربدر کردیا، جدہ سے اسلام آباد آنے والے مسافر دو دن سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں نجی ائیر لائن کا فلائٹ آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا، مسافر جدہ میں محصور ہوکر رہ گئے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ائیرلائن کی جدہ سے اسلام آباد پرواز مسلسل 2دن سے تاخیر کا شکار ہے۔
سعودی عرب سے اسلام آباد آنے والے مسافروں کا انتظار طویل ہوگیا، نجی ائیر لائن نے جدہ سے 16 مارچ کی رات 9 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہونا تھا جو اب تک نہ ہوسکی۔
نجی ائیر لائن 16 مارچ سے آج تک 3 بار واپسی کا وقت تبدیل کرچکی ہے، نجی ائیر لائن کی پرواز میں تاخیر سے مسافر مہنگے ہوٹلوں اور سڑکوں پر وقت گرانے پر مجبور ہیں۔
تاخیر کے بعد پرواز روانگی کا وقت 18 مارچ شام 5 بج کر 20 منٹ کاشیڈول کیا گیا جس پر عمل درآمد نہ ہوسکا، دوسری بار شیڈول تبدیل کرکے 18مارچ رات 10بج کر15 منٹ پر روانگی کا وقت دیا گیا تھا۔
اس بار بھی ناکامی پر تیسری بار پھر روانگی کا وقت 19 مارچ رات 2 بج کر 50 منٹ کا وقت دیا گیا ہے۔ مسافروں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر ہوابازی سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے مذکورہ پرواز کے ایک مسافر کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے تاحال 5 مرتبہ پرواز شیڈول تبدیل کیا جاچکا ہے۔