کراچی : پاکستان کے لئے غیرملکی ایئرلائنز نے پروازیں بحال کردیں، پاک بھارت جنگی صورتحال کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت جنگ بندی کے بعد پاکستان کے فلائٹ شیڈول میں بہتری آگئی اور 12غیرملکی ایئرلائنز نے بھی پروازیں بحال کردیں۔
مختلف ایئرپورٹس سے پروازوں کی منسوخی کم ہوکر 50رہ گئی ہے ، فلائی دبئی،امارات، ترکش، قطر، اتحاد،ایئر عربیہ، گلف ایئر نے پروازیں شروع کیں۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ حج پروازوں کومعمول پر لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں، اسلام آباد 23، لاہور 14، کراچی کی 15 پروازیں ، پشاور 4، سیالکوٹ 2 اور فیصل آباد سے 1 پرواز منسوخ کردی گئی ہے۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ کی شارجہ دمام اور کویت سے 3 پروازیں لاہور منتقل کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاک بھارت جنگ بندی کے باوجود پاکستان سے سو سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں، گزشتہ روزکراچی ائیرپورٹ کی پینتالیس،لاہور کی اڑتیس، اسلام اباد کی چالیس، ملتان کی دس، پشاور کی گیارہ اور سیالکوٹ کی چھ پروازیں آپریشنل وجوہات کی بنا پرمنسوخ کی گئیں۔
کشیدگی کےباعث سات سعودی ائیرلائن اورتین پی آئی اے کی پروازیں معطل ہوئی تھیں، وزارت مذہبی اموردوہزار دو سو نوےحاجیوں میں سے گیارہ سوحاجیوں کو پی آئی اے کی اسپیشل فلائٹس سے روانہ کرچکا ہے، باقی گیارہ سو حاجیوں کو بھی آئندہ چند روز میں بھیجا جائےگا۔