جکارتہ: انڈونیشیا میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی، اب تک ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اکتیس ہو گئی ہے جب کہ 13 افراد لا پتا ہیں۔
انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ بینگ کولو صوبے میں 12 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، سیلاب سے سینکڑوں عمارتوں، پلوں اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق سیلاب شدید ہے تاہم مقامی اور قومی اتھارٹیز مستعدی سے اپنا کام کر رہی ہیں جب کہ ریڈ کراس نے بھی متاثرہ علاقوں میں رضا کار بھیج دیے ہیں۔
پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں جنوبی جزیرہ سماٹرا میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی۔
حکام کی جانب سے مختلف بیماریاں پھیلنے کے حوالے سے بھی خبردار کر دیا گیا ہے کیوں کہ صاف پانی کی قلت ہو گئی ہے جس کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جل، اجل بن گیا، موزمبیق میں سیلاب نے تباہی مچا دی
خیال رہے کہ انڈونیشیا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، سارا نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔
انڈونیشین حکام کے مطابق متاثرین کے لیے پناہ گاہوں کا انتظام کیا گیا ہے جہاں تقریباََ 13 ہزار متاثرین کو رکھا گیا ہے جب کہ امدادی کارکن متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے کشتیوں کی مدد سے کوششوں میں مصروف ہیں۔
انڈونیشیا دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جو اکثر تباہ کن زلزلوں، سیلاب اور سونامی کی زد میں رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی مشرقی صوبے پاپوا میں سیلاب کے نتیجے میں 88 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 70 افراد زخمی اور 15 لا پتا ہوگئے تھے۔