کراچی: این سی او سی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ، اور نارووال میں تیز بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں بھمبر، ڈیک، پلکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ میونسپل علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، ضلعی انتظامیہ 20 جولائی تک دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں صوبہ سندھ میں کراچی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد، بدین، شہید بینظیر آباد میں تیز بارش کا امکان ہے۔
صوبہ بلوچستان میں سبی، ژوب، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، خضدار، بارکھان، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جب کہ خیبر پختون خوا میں بنوں، ڈی آئی خان، مالم جبہ، بالاکوٹ میں بارش متوقع ہے۔
این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو بارشوں کی پیش رفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے اور متعلقہ شہروں کی ریسکیو سروسز عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔