جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

دریائے چناب میں سیلابی ریلا، دیہاتوں کا شہروں سے رابطہ منقطع

اشتہار

حیرت انگیز

چنیوٹ: دریائے چناب میں سیلابی ریلے کی وجہ سے متعدد دیہاتوں کا شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، فلڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ دریائے چناب سے ایک لاکھ 12 ہزار 586 کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔

سیلاب کی وجہ سے لودیا، تاجہ کوٹ، لنگاہ والا، ساہمل، برج عمر سمیت 10 دیہات کا شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے، اور مختلف علاقوں سے لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

پانی قبرستانوں میں بھی داخل ہو گیا اور سیلاب کے باعث سینکڑوں ایکڑ فصلیں زیر آب آ گئی ہیں۔

دوسری طرف حالیہ مون سون کی بارشوں کے باعث گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، بارشوں سے دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو گیا۔

گڈو بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 83 ہزار 625 اور اخراج 2 لاکھ 38 ہزار 475 کیوسک ہے، 48 گھنٹوں کے دوران گڈو بیراج پر پانی کےبہاؤ میں 67 ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا۔

آئندہ 24 سے 48 گھنٹے گڈو بیراج میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے، ضلعی انتظامیہ نے کچے میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

گڈو بیراج سے نکلنے والے گھوٹکی فیڈر کینال، ڈیزرٹ پٹ فیڈر کینال بند کر دیے گئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں