کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے مچ میں سیلابی ریلا گیس کی پائپ لائن کو بہا لے گیا، جس کے باعث کوئٹہ سمیت کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب مچ میں سیلابی ریلے سے 18 انچ قطر کی گیس لائن کونقصان پہنچا، جس سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کےبیشترعلاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا تھا کہ مستونگ،قلات،کولپور،مچھ، پشین اور ملحقہ علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی معطل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی کلیئرنس کےبعدمتاثرہ پائپ لائن پرکام شروع کیا جائے گا۔
خیال رہے بلوچستان کےمختلف شہروں میں بارش سے نشیبی علاقےزیرآب آگئے ہیں، جھل مگسی کےمختلف دیہات میں کچےمکانات منہدم ہوگئے اور رابطہ سڑکیں منقطع ہوگئیں۔
بولان میں سیلابی ریلہ گھروں میں داخل،شہریوں کاسامان بہہ گیا جبکہ لورالائی میں 3گھنٹےسے جاری بارشوں سےمتعددمکانات منہدم ہوگئے۔