فلوریڈا: میکسیکو کے شہری فلوریڈا کے تربوز کے ایک فارم پر کام کے لیے جا رہے تھے کہ ایک پک اپ نے ان کی بس کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو امریکی ریاست فلوریڈا میں بس اور ٹرک میں خوف ناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے، ہلاکتیں بس الٹنے کے نتیجے میں ہوئیں۔
فلوریڈا ہائی وے حکام کے مطابق تربوز کے ایک فارم پر کام کرنے والے مزدوروں کو لے جانے والی بس کو فورڈ رینجر ٹرک نے ٹکر مار دی تھی جس کی وجہ سے یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ 8 دیگر زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق 53 مزدوروں کو لے جانے والی بس ریاستی روٹ 40 پر مغرب کی طرف سفر کر رہی تھی، اسی سڑک پر ایک فورڈ رینجر مخالف سمت میں جا رہا تھا، کہ اچانک وہ مغرب کی طرف جانے والی لین میں گھس گیا، دونوں گاڑیوں کی سائیڈز ایک دوسرے سے رگڑ کھاتے ہوئے ٹکرائیں، جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر سڑک کی باڑ ٹکرائی اور پھر دو درختوں سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
پولیس نے ٹرک کے ڈرائیور کو اسپتال سے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ معلوم ہوا کہ وہ پہلے بھی معطل شدہ لائسنس کے ساتھ ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈرائیور 41 سالہ برائن میکلین ہاورڈ کو منگل کی صبح کے حادثے کے لیے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ اور متعدد قتل کرنے کے سنگین الزامات کا سامنا کرنا ہوگا۔