امریکا میں ایک شخص نے ریستوران میں ایک چھوٹے بچے کو ماسک اتارنے کا کہا اور نہایت قریب جا کر اس سے کہا کہ تم کرونا وائرس کا شکار ہوجاؤ گے، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں 47 سالہ جیسن کوپن ہیور نامی شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جیسن ریستوران میں موجود ایک بچے کے پاس گیا اور اس سے فیس ماسک اتارنے کا کہا، جب بچے نے ماسک اتارا تو جیسن نے اس کا سر زور سے پکڑا اور اس کے منہ کے نہایت قریب جا کر کہا کہ اب تمہیں کوویڈ ہوجائے گا۔
پولیس کے مطابق وہ بچے کے اتنا قریب تھا کہ اس کے لعاب کے چھینٹے بھی بچے کے چہرے پر پڑے۔
ریستوران عملے کے مطابق جیسن نشے میں لگ رہا تھا، اس نے ریستوران کے ایک ملازم سے ہاتھا پائی بھی کی۔
پولیس نے جیسن کو گرفتار کر کے اس پر نامناسب رویے کی دفعہ عائد کی، فی الحال اسے 650 ڈالر کے ضمانتی مچلکے پر رہا کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آئی۔