لاہور : ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی آٹے کا بحران بدستور جاری ہے، جس کے سدباب کیلئے ضلعی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر ٹرک کھڑے کردیے، سندھ کے شہروں میں بھی بحران کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح لاہور میں آٹے کا بحران بدستور جاری ہے، چکی پر فی کلو آٹا 70 روپے کا ہوگیا،20کلو کا تھیلا بھی نایاب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار20کلوآٹے کا تھیلا950 روپے میں فروخت کررہے ہیں جبکہ ملزمالکان کہتے ہیں کہ لاہور میں20کلو آٹے کی قیمت800 سے 805 روپے ہے، مارکیٹ میں آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے، آٹا چکی مالکان کی جانب سے نرخ میں اضافے سے فلور ملز کا تعلق نہیں۔
ملز مالکان نے کہا کہ ساڑھے 7لاکھ تھیلے مارکیٹ میں فراہم کئے جارہے ہیں،34 روپےفی کلو گندم خرید کر39روپے میں فروخت کرتے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے آٹے کی فروخت یقینی بنانے کے لیے20مقامات پر ٹرک کھڑے کردیے، یہ ٹرک20مقامات کے علاوہ ماڈل اور اتواربازاروں میں بھی کھڑے کیے گئے ہیں، جہاں عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے کہا ہے کہ لاہورمیں آٹے کی قلت نہیں ہے، عوام ماڈل اور اتوار بازاروں سے آٹا خرید سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ جن علاقوں میں مذکورہ ٹرک کھڑے کیے گئے ان میں ٹیپو چوک گرین ٹاؤن، شیرشاہ کالونی چوہنگ،وحدت کالونی، مین پلازہ جوہر ٹاؤن، سبزہ زار،رائیونڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، چائنہ اسکیم گجر پورہ ہربنس پورہ غازی آباد، بیگم کوٹ شاہدرہ اور شادمان اتوار بازار شامل ہیں۔