چیئرمین فلار ملز ایسوسی ایشن عامرعبداللہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے فلار ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا نوٹس لے لیا ہے۔
آٹے کے حالیہ بحران پر حکومتی ایکشن کے حوالے سے عامر عبداللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دے گی، فلار ملز نے ابھی ہڑتال ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
فلار ملزم کی ہڑتال کے باعث کراچی میں آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے چیئرمین ہول سیل گروسرز عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار میں آٹا ختم ہوگیا ہے،
انھوں نے بتایا کہ آٹے کے بحران کی وجہ سے قیمت بھی بڑھ گئی ہے جبکہ کراچی میں آٹے کی بلیک میں فروخت شروع ہوگئی ہے۔
چیئرمین ہول سیل گروسرز نے کہا کہ حیدرآباد، میرپورخاص، جامشورو اور دیگر شہروں میں آٹا چکیاں بند ہوگئی ہیں، ہول سیل مارکیٹ میں فائن آٹا 5 روپے فی کلو مہنگا ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈھائی نمبر آٹا 2 روپے مہنگا ہوکر 88 روپے فی کلو ہوگیا ہے، مارکیٹ میں ایک دن کے اندر دس کلو آٹے کا تھیلا 50 روپے مہنگا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ چند دنوں قبل راولپنڈی میں بھی فلار ملز، نان بائی، کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے مطالبات منظور نہ ہونے پر غیر معینہ ہڑتال کا اعلان کردیا۔
اعلان میں کہا گیا تھا کہ آج سے فلار ملز، آٹا ڈیلرز، کریانہ مرچنٹ، نان بائی ایسوسی کی جانب سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فلارملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا تھا کہ ٹیکس کے ظالمانہ اقدام سے کرپشن کا نیا دروازہ کھل جائے گا اور ایف بی آر کے ٹیکس کے نفاذ سے آٹے کی قیمت میں 8 روپے فی کلو اضافہ ہوجائے گا۔