ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے مشاورت میں گندم کی قیمت 19 سو 50 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، فیصلے سے آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے خزانہ، خوراک، فوڈ سکیورٹی اور دیگر وزارتوں کے حکام کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں گندم، آٹے کی قیمت اور سرکاری گندم ریلیز کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں معیاری آٹے کی سستے نرخوں پر فراہمی پر مشاورت کی گئی۔ معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے مشاورت میں گندم کی قیمت 19 سو 50 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، فیصلے سے آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے ہوگی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 11 سو روپے تک ہوگی۔

جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں فی کلو قیمت 56 روپے اور بنگلہ دیش میں 80 روپے ہے، افغانستان میں آٹے کی قیمتیں اس سے بھی زیادہ ہیں۔ پاکستان میں خطے بلکہ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی کم قیمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو زیادہ غریب ہیں ہمارے پاس ان کا ڈیٹا ہے، انہیں 43 روپے فی کلو قیمت پر آٹا فراہم کریں گے۔ مرکز اور صوبے گندم اور آٹے کی ایک ہی قیمت رکھیں گے، صوبے اپنی اپنی کابینہ سے حتمی فیصلے لیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امید ہے اگلے ہفتے سے سرکاری گندم کی ریلیز شروع کر دیں گے، نجی شعبے کو حکومت کے طے شدہ نرخ سے زائد فروخت کی اجازت نہیں۔ حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، سرکاری گندم کی ریلیز کے لیے لبرل پالیسی ہوگی۔ عوام تسلی رکھیں، سستا اور معیاری آٹا فراہم کیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں