لاہور: پاکستان فلور ملز نے آٹا مہنگا کرنے کا عندیہ دے دیا اور کہا بجٹ میں گندم پر ٹرن اوور ٹیکس1.25 فیصد کردیاگیا، ٹیکس واپس نہ لیا تو جولائی میں آٹا مہنگا ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور ملز نے 20کلو آٹے کا تھیلا 30روپے مہنگا کرنےکاعندیہ دےدیا ، چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا ہے کہ بجٹ میں گندم پر ٹرن اوور ٹیکس1.25 فیصد کر دیا گیا اور چوکر پر سیلز ٹیکس17 فیصد نافذ کردیا گیا جسکا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
عاصم رضا کا کہنا تھا کہ ٹیکس واپس نہ لیا توجولائی میں آٹا مہنگا ہوجائے گا۔
خیال رہے لاہور میں روٹی کی قیمت 8 روپے سے بڑھا کر دس روپے کر دی گئی ، اس حوالے سے تندور مالکان کا کہنا تھا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے سے بڑھ کر 1070 روپے میں مل رہا ہے ، اس لئے آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث روٹی کی قیمت بڑھائی ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تندور مالکان سے بات چیت کے بعد کوئی فیصلہ ہوگا۔