اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

وہ قبیلہ جہاں مرد پھولوں کے تاج پہنتے ہیں

اشتہار

حیرت انگیز

دنیا بھر میں خواتین پھولوں کے زیور پہننا پسند کرتی ہیں اور پھول پہننا بعض قبائل کی روایت بھی ہے، ایسے ہی قبائل سعودی عرب میں بھی ہیں جہاں مرد پھولوں کے تاج پہنتے ہیں۔

یمن کی سرحد کے نزدیک سعودی عرب کے صوبوں جازان اور عسیر میں رہنے والے یہ قبائل سر پر روایتی رومالوں کے بجائے پھولوں کے تاج پہنتے ہیں جو ان قبائل کی قدیم روایت ہے۔

صبح صبح تازہ پھولوں سے بنے ہوئے تاج اور ہار مقامی بازاروں میں آجاتے ہیں جس کے بعد ہر عمر کے لوگوں کی بڑی تعداد انہیں خرید کر اپنے جسم کی زینت بناتی ہے۔

لوگ بنے بنائے پھولوں کے تاج خریدتے ہیں جبکہ کچھ افراد اپنی پسند کے پھولوں کے تاج بنوا کر پہننا پسند کرتے ہیں۔

یہ تاج لوگوں کے کپڑوں سے مماثل ہوتے ہیں، کچھ افراد مہندی سے رنگی اپنی داڑھی کے رنگ جیسا تاج بھی پہتے ہیں۔ بچے اور بزرگ سب ہی یہ تاج پہنتے ہیں۔

ان تاجوں میں جڑی بوٹیاں بھی شامل ہوتی ہیں جو طبی لحاظ سے فائدہ مند ہیں، ان جڑی بوٹیوں کا تاج بنا کر پہننا سر درد سے نجات دلا سکتا ہے۔

یہ قبائل پہاڑوں میں پتھروں سے بنے گھروں میں رہتے ہیں، یہاں کی خواتین اپنے گھر کی دیواروں پر نہایت خوبصورت نقش و نگار تخلیق کرتی ہیں جسے یونیسکو کی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے۔

یہ قبیلہ سرحد کے دوسری طرف یمن میں بھی رہتا ہے اور اس کے افراد دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ سے بے حد ناخوش ہیں۔

ایک عام تصور ہے کہ سعودی عرب ایک صحرائی علاقہ ہے لہٰذا یہاں پھول نہیں اگتے، تاہم اس کے برعکس اس خطے میں مختلف پھولوں اور پودوں کی 2 ہزار اقسام پائی جاتی ہیں۔

پھولوں سے بنے تاج پہننے کی یہ روایت ان قبائل نے آج بھی نہایت فخریہ طور پر اپنائی ہوئی ہے، یہ تاج یہاں آنے والے سیاحوں اور مہمانوں کو بھی بطور تکریم پہنایا جاتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں