جارجیا: فلو ویکسین لینے والے معمر مریضوں سے متعلق یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ان میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح کم ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محققین نے انکشاف کیا ہے کہ ریاست ہائے متحدہ امریکا کے تقریباً 2 ہزار سے زائد کاؤنٹیوں کے اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ جہاں بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد نے فلو ویکسین وصول کی وہاں کو وِڈ 19 کی وجہ سے اموات کی شرح کم دیکھی گئی۔
تحقیق کے دوران یہ معلوم ہوا کہ کسی بھی کاؤنٹی میں 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں فلو کی ویکسی نیشن کی کوریج 10 فی صد بڑھانے سے اس کاؤنٹی میں معمر افراد میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح میں 28 فی صد کمی واقع ہوئی۔
محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ممکن ہے کہ ان کاؤنٹیز میں جہاں زیادہ تعداد میں عمر رسیدہ افراد کو فلو ویکسینز ملیں، وہاں کرونا وائرس سے کم شرح اموات میں سماجی، معاشی اور صحت کے عوامل نے بھی کردار ادا کیا ہو۔
یہ نتائج انفرادی نہیں بلکہ اس ڈیٹا پر مبنی ہے جو مختلف کاؤنٹیز کی جانب سے فراہم کیا گیا، تاہم محققین کا کہنا ہے کہ یہ جو امکان سامنے آیا ہے اس کے اہم صحت عامہ مضمرات انفلوئنزا ویکسی نیشن اور کو وِڈ 19 سے شرح اموات کے درمیان تعلق کے انفرادی سطح پر مطالعے کی فوری ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہیں، تاکہ وبائی امراض اور کسی بھی بنیادی حیاتیاتی میکینزم کی تحقیقات کی جا سکیں۔
دو دن قبل امریکی ادارے سی ڈی سی نے کہا تھا کہ وبائی امراض کے دوران فلو ویکسی نیشن بہت ضروری ہے تاکہ آبادی پر سانس کی بیماریوں کے مجموعی اثرات کو کم کیا جا سکے اور ہیلتھ کیئر سسٹم پر دباؤ کم ہو جائے۔