اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، زرمبادلہ ذخائر چند ہفتوں میں 3 ماہ کے ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہاؤسنگ فنانس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، زرمبادلہ کے ذخائر دو ماہ کے ہوگئے ہیں اور چند ہفتوں میں زرمبادلہ ذخائر 3 ماہ کی امپورٹ کے برابر ہو جائیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح70ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے ، شرح سود میں مسلسل کمی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارےمیں کمی آئی ہے اور کرنٹ اکاونٹ سرپلس ہو گیا ہے، اب ہم نے معاشی استحکام کی بنیادوں کو مضبوط کرناہے، ہم وہ کام نہیں کریں گے جو پہلے ہوتے تھے۔
انھوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، مہنگائی 5 فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے، رواں مالی سال شرح سود میں 7 فیصد کمی ہوئی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت میں نجی شعبے کا اہم کردارہے، حکومت نجی شعبے کو پالیسی گائیڈ لائن دے گی، ہاؤسنگ کے شعبے کا معیشت میں نمایاں کردار ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی حکومت کی کوشش سے قائم ہوئی، ہاؤسنگ سیکٹر ہمارے دو مسائل حل کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آبادی میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلی ہمارے اہم چیلنجز ہیں، آبادی میں 2.5 فیصد کا اضافہ بہت مسائل کی وجہ ہے تاہم پاکستان کے میکرو اکنامک استحکام کو اب معاشی ترقی میں بدلنے کیلئے کوشاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے کی بحالی بہت اہم ہے، کم لاگت والے مکانات کیلئے فنانسنگ فراہم کرنے میں چیلنجز ہیں