ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اس وقت بھارت پوری دنیا میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے، ہمارا دشمن سازشی ہے وہ کوئی لمحہ سازش سے باز نہیں آتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گرے لسٹ میں آگیا تھا بھارت اب ہمیں بلیک لسٹ میں دھکیلنا چاہتا ہے، گرے سے بلیک لسٹ میں آتے ہیں تو آپ پر قدغن لگ جاتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے دشمن نے او آئی سی میں بھی گھسنے کی کوشش کی، ہم نے کہا کہ بھارت ممبر نہیں اگر آیا تو ہم نہیں آئیں گے، او آئی سی میں مقبوضہ کشمیر پر ایک قرارداد پاس کی گئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا جو کشمیر کا ذکر کرتے کتراتی تھی وہی آج ظلم پر رو رہی ہے، آج وہی بھارت مجبور ہورہا ہے اور دنیا کی توجہ کشمیر پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 70 کی دہائی کے بعد لائن آف کنٹرول کو بھارت نے کراس کیا، بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، طبل جنگ بجایا، ہم نے صبرو تحمل سے کام لیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی حکومت سے کہتا ہوں وہ مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے، شاہ محمود قریشی
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے عملی قدم اٹھانے پر اسے منہ توڑ جواب دیا گیا، 27 فروری کو پوری قوم نے یکجا ہوکر بھارت کو بھرپور جواب دیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور شہریوں نے بے پناہ قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں حکومت کو آئے 10 ماہ ہوگئے ہیں لیکن ملک میں بیرونی کے علاوہ اندرونی مشکلات بھی ہیں، مسائل بے پناہ ہیں اور اس کے لیے وسائل درکار ہوتے ہیں، مشکل مالی حالات میں بھی کوشش ہوگی آپ کا حصہ پہنچائیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشکل حالات ہیں ہمیں پتا ہے لوگ تکلیف میں ہیں، 5 سال مل گئے تو پاکستان کا ایک نیا چہرہ عوام کے سامنے لے کر آئیں گے۔