اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی سے ڈھاکا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنرعمران احمد نے ملاقات کی، وزیر خارجہ نے عمران احمد صدیقی کو بہ طور ہائی کمشنر ڈھاکا تعیناتی پر مبارک باد دی۔
وزیر خارجہ نے خارجہ پالیسی پر ترجیحات کے حوالے سے ہائی کمشنر عمران احمد کو اہم ہدایات دیتے ہوئے کہا آپ ایسے وقت میں بہ طور ہائی کمشنر ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
نامزد ہائی کمشنر ڈھاکا عمران احمد صدیقی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ہارٹ آف ایشیا کانفرنس، شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر کی تقریر کا بائیکاٹ کردیا
یاد رہے کہ چند دن قبل استنبول میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران خطے میں کشیدگی جنم دینے پر احتجاجاً بھارتی وزیر کی تقریر کا بائیکاٹ کیا تھا، شاہ محمود بھارتی وزیر کے خطاب شروع ہونے سے قبل ہی ہال سے باہر نکل گئے تھے۔
ذرایع کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے پیش نظر بھارتی وزیر کے خطاب کا بائیکاٹ کیا۔