اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورتحال پیچیدہ اور مشکل ہے، افغانستان میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی، عالمی برادری کو مشکل وقت میں افغانستان کا ساتھ دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صورتحال پر 6 ملکی علاقائی ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے متعلق تمام پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں، افغانستان میں ہونیوالی تبدیلی کا بغورجائزہ لیا جارہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال پیچیدہ اور مشکل ہے، گزشتہ روز طالبان نے افغانستان کی عبوری حکومت کا اعلان کیا، افغانستان میں رونما ہونیوالی تبدیلی ایک حقیقت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان طویل عرصے سے جنگ میں رہاہے، افغانستان میں کوئی خونریزی نہیں ہوئی ، افغانستان کے حوالے سے نئے چیلنجز کا سامنا ہے، افغان عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں، افغانستان کی سالمیت،خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین کسی ملک کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغانستان میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے کوششیں کرناہوں گی، عالمی برادری کو مشکل وقت میں افغانستان کا ساتھ دینا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مہاجرین کی آمد،بارڈر سیکیورٹی جیسے چیلنجز سامنے ہیں، کانفرنس میں موجود تمام ممالک کو افغان صورتحال پر تجویز دیتے ہیں، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے.