اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے کرونا، مقبوضہ کشمیرکی صورتحال،دو طرفہ تعلقات،باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں تاریخی،مذہبی، ثقافتی،کثیر الجہتی تعلقات ہیں، دونوں ممالک میں متعدد شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری میں اضافہ خوش آئند ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب میں کرونا وائرس سے جانی نقصان پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیری کرونا کے باعث دہرا لاک ڈاؤن برداشت کر رہے ہیں،بھارت مقبوضہ علاقے میں علاقائی تناسب تبدیل کرنے کے درپے ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین،یو این سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے،عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کو فوری صورت حال کانوٹس لینا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے سعودی فرمانروا،ولی عہد کے طیارہ حادثہ پر تعزیتی پیغام پر سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا شکریہ ادا کیا۔