اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کردیا، نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلے پر اپنا کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے نیوزی لینڈ کےنائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،رابطےمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا بھارت نے یواین قراردادوں کی خلاف ورزی کی، بھارت نے یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، بھارت جبری ہتھکنڈوں سےآبادیاتی تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیرکےنہتےلوگوں کومسلسل کرفیوکاسامناکرناپڑرہاہے، خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بھارت اصل حقائق دنیا کی نظروں سے پوشیدہ رکھ رہاہے، عالمی میڈیاکی طرف سےچشم کشا رپورٹس آرہی ہیں، نسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے چشم کشا رپورٹس آرہی ہیں، رپورٹس ایک نئےانسانی المیےکی نشان دہی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
نیوزی لینڈ کےنائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا صورتحال کاجائزہ لےرہے ہیں،کشمیری کمیونٹی سے بھی آگاہی مل رہی ہے،اس سلسلے میں اپنا مثبت کردارادا کرتے رہیں گے۔
گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آذربائجان کے وزیر خارجہ اور کویتی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پرتبادلہ خیال کیا اور بھارت کی جانب سےغیرقانونی اقدام سےمتعلق آگاہ کیا۔
آذربائجان اور کویتی وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا خطے کوکشیدگی سےبچانےکیلئےتصفیہ طلب امور کےپرامن حل کی ضرورت ہے۔