جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ملک میں مارشل لا کا امکان مسترد کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ملک میں مارشل لا کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا  قوم کومبارک ہو بھارت کی کوشش کے باوجود پاکستان بلیک لسٹ نہیں ہوسکا، نریندرمودی روک سکوتوروک لو راہداری کھلےگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پوری قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں،بھارت کی کوششوں کے باوجود پاکستان کو بلیک لسٹ میں نہیں ڈلوا سکا، بھارت کے وزیرخارجہ نے بہت سےممالک کے دورے کئے اور ممالک سے کہاکہ آپ پاکستان کی مخالفت کریں، دوست ممالک نےکہامنی لانڈرنگ ،ٹیررفنانسنگ روکنے کے اقدامات کئے۔

قوم کومبارک ہو بھارت کی کوشش کے باوجود پاکستان بلیک لسٹ نہیں ہوسکا

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کوگرےلسٹ سےنکلنےکیلئے4ماہ کی مہلت دی گئی ہے، وزیراعظم کی کوشش ہے خطے میں کوئی نئی چپقلش پیدا نہ ہو، کچھ قوتیں چاہتی ہیں مسلمہ امہ کا اتحاد پارہ پارہ ہو، اگر امہ میں غلط فہمی ہے بھی تواسے سفارتکاری سے دور کریں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ ایران میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں، سعودی عرب میں سعودی فرمانروااورولی عہد سے ملاقات کی، وزیراعظم کی ملاقاتوں میں سفارتکاری کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر کوشش کی جائےگی کہ امن برقراررہے، میری رائےمیں پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل روشن ہے، ملکی عوام سمجھتےہیں اس وقت خطے کے حالات کیا ہیں، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کو لانا ہے توعدم استحکام سے بچنا ہوگا، میری رائے میں پاکستان کےعوام کسی انتشار کا حصہ نہیں بنیں گے اور پاکستان میں مارشل لا کے کوئی امکانات نہیں۔

پی ایس 11میں کامیابی سندھ میں تبدیلی کا اشارہ کررہی ہے

لاڑکانہ الیکشن کے حوالے سے وزیرخارجہ نے کہا کہ پی ایس11لاڑکانہ میں ضمنی الیکشن ہوئے، کہا تھا میری سیاسی نگاہ سندھ میں پی ٹی آئی اورسندھ حکومت کا مقابلہ دیکھ رہی ہے، پی ایس 11میں کامیابی سندھ میں تبدیلی کا اشارہ کررہی ہے۔

شاہ محمودقریشی کا مزید کہنا تھا کہ چیف ایگزیکٹوسندھ پیپلزپارٹی کا وزیراعلیٰ ہے، ضابطہ اخلاق کی بندش کےباوجودبلاول بھٹونے5دن انتخابی مہم چلائی، معظم عباسی کا واضح اکثریت سے جیتنا تبدیلی کا ایک اشارہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ کا ہرعام شہری اب باشعور ہوگیا ہے، سندھ میں 11سال سے مسلسل پیپلزپارٹی کی حکومت چلی آرہی ہے، سندھ میں لوکل گورنمنٹ ، چیئرمینز بھی پیپلزپارٹی کے ہی ہیں، اس وقت پیپلزپارٹی کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اطلاع کے مطابق آصف زرداری پی پی قیادت سےنالاں ہیں، وہ اتنےنالاں ہیں کہ سندھ میں کچھ عرصے بعد نمایاں تبدیلیوں کے امکانات موجود ہیں، لاڑکانہ پیپلزپارٹی کا قلعہ سمجھا جاتا ہے، آئین و قانون کے سب پابند ہیں، سیاسی اور اچھی روایات کو بڑھانا اچھی بات ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا افغانستان میں دھماکے سے شہادتوں پر بے حد افسوس ہے اور پرزور مذمت کرتاہوں، افغانستان میں امن و استحکام ہمارا متفقہ مقصد ہے، ایسے واقعات کی ہر سطح پرنفی ہونی چاہیے۔

گزارش ہوگی ایساقدم نہ اٹھایا جائے جس سے مخالفوں کو موقع ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل میں مذاکرات کی گنجائش ہوتی ہے، ایک دوسرے کا نکتہ نظر سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے، جو ہم میں ہے، گزارش ہوگی ایساقدم نہ اٹھایا جائے جس سے مخالفوں کو موقع ملے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیریوں سےاظہاریکجہتی کیلئے27اکتوبرکویوم سیاہ منارہےہیں، اس وقت سب سے زیادہ خوشی کی لہر دہلی میں ہے، دہلی سمجھتا ہے پاکستان اندرونی مسائل میں الجھ جائے تو کشمیرسےتوجہ ہٹ جائے گی، بھارت کا بیانیہ عالمی میڈیا،سول سوسائٹی نے بھی مسترد کردیاہے، ہمیں سوچنا ہے کوئی قدم ایسانہ اٹھائیں جس سے ملکی مفاد کو ٹھیس پہنچے۔

وعدے کے مطابق وزیراعظم9نومبر کو کرتاپورراہداری کا افتتاح کریں گے

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وعدے کے مطابق وزیراعظم9نومبر کو کرتاپورراہداری کا افتتاح کریں گے اورکرتاپورراہداری کھول دی جائے گی، روزانہ کی بنیادپر5ہزارسکھ یاتری آیا کریں گے، آپ موازنہ کریں گےتواندازہ ہوگاکہ پاکستان کےانتظامات بھارت سےبہترہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ من موہن سنگھ کوافتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی، من موہن سنگھ نےمجھے خط لکھااورکہامیں آؤں گا مگر عام شہری کی طرح، عام شہری کےطورپربھی آئیں گےتومن موہن سنگھ کوخوش آمدیدکہیں گے۔

ملکی معیشت کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات میں اس سال5.9فیصد اضافہ ہوا، روپیہ مستحکم ہوا،ڈالر155سے156کےدرمیان فروخت ہورہا تھا، ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا،روزگار کےمواقع پیدا ہوں گے، افراط زرپرقابوپانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کا سفیر بن کر گیا ہے

شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا برطانوی شاہی جوڑاپاکستان کاسفیر بن کر گیاہے، شاہی جوڑےکوپاکستان کے ہر طبقے سے عزت ملی ، شاہی جوڑے نےبادشاہی مسجد کا دورہ کیا اور شہزادی کیٹ نےمسجد کےاحترام میں سرڈھانپ رکھاتھا، تلاوت قرآن پاک کو شہزادی کیٹ نےسنا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہی جوڑےنےکرکٹ اکیڈمی کادورہ کیا اور جہاں بھی گیا پاکستانیوں نےخوش آمدید کہا، یقین ہے دورے سے برطانیہ اور پاکستان میں خیر سگالی کا پیغام مزید مستحکم ہوگا۔

نریندرمودی کوپیغام ہے روک سکو تو روک لو راہداری کھلے گی

وزیر خارجہ نے کہا بھارت چاہے یا نہ چاہے کرتارپورراہداری کھل رہی ہے، بی جےپی حکومت میں جرات نہیں، راہداری کھلے گی، نریندرمودی کوپیغام ہے روک سکو تو روک لو راہداری کھلے گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق پامالی کی داستان آسمان کوچھورہی ہے،ان دنوں بھارت کو جتنی شرمندگی اٹھانی پڑے اس کی نظیرنہیں ملتی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں