عمان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی طرف سے سلطان ہیثم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، پاکستان اور عمان کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، عمان ہمیشہ خطے میں استحکام کا باعث بنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسقط انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بات چیت کرتے ہوئےکہا وزیر اعظم کی ہدایت پرسلطان قابوس کی تعزیت کےلیےعمان آیا ، پاکستان اور عمان کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ میں نے سلطان ہیثم سےتعزیت کی اور دلی جذبات پہنچائے ، سلطان قابوس متوازن خارجہ پالیسی کے سبب قدر سے دیکھے جاتے تھے، 2 لاکھ 70ہزار پاکستانی محنت سےعمان کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلطان قابوس کے والد کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے گریجویٹ تھے، انہوں نے سلطان قابوس کےساتھ 2001 میں پاکستان کا دورہ کیا، مجھے بھی دس سال قبل سلطان قابوس سےملاقات کاشرف حاصل ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمان ہمیشہ خطے میں استحکام کا باعث بنا ہے، وزیر اعظم کی طرف سے سلطان ہیثم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے تھے ، جہاں انہوں نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی۔
مزید پڑھیں : وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت
ملاقات میں وزیر خارجہ نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی جانب سے سلطان ہیثم کے پیش رو سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں، مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔
سلطان ہیثم نے شاہ محمود قریشی کی آمد اور تعزیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عمان کی حکومت مرحوم سلطان کے زریں اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی۔