اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ چینی قونصلیٹ پرحملہ دہشت گردوں کابزدلانہ عمل تھا، کچھ عناصرچین اورپاکستان کی دوستی کو برداشت نہیں کرسکتے، اس قسم کے عناصر چین اور پاکستان کی دوستی پر اثرانداز نہیں ہوسکتے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چینی قونصل خانےپرحملہ کرنیوالے دہشت گردانجام کو پہنچے، چینی قونصلیٹ پرحملہ دہشت گردوں کابزدلانہ عمل تھا، تینوں حملہ آورمارے گئے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قانون نافذکرنےوالےاداروں کوخراج تحسین پیش کرتاہوں، سندھ پولیس کے سپاہی اور رینجرز نے چینی قونصل خانے پر حملہ ناکام بنایا۔ 21افراد چینی قونصلیٹ میں موجود تھے، تمام محفوظ ہیں، معاملہ کنٹرول میں ہے،علاقے کو کلیئر کردیا گیا۔
[bs-quote quote=”ہم باخبرہیں اور تیار ہیں ،معلوم ہےحملےمیں کون ملوث ہے” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]
وزیرخارجہ نے کہا چینی سفیرسے رابطہ ہوا ہے،چینی سفیر پاکستان کی کارروائی سے مطمئن ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم باخبرہیں اور تیار ہیں ،معلوم ہےحملےمیں کون ملوث ہے، کچھ عناصرچین اورپاکستان کی دوستی کوبرداشت نہیں کرسکتے، اس قسم کے عناصر چین اور پاکستان کی دوستی پر اثرانداز نہیں ہوسکتے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا سی پیک میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے باخبر ہیں اور منصوبے کو محفوظ بنانے کیلئے چین اور پاکستان نے مشترکہ فورس تیار کی ہے۔
یاد رہے دہشت گردوں نے آج صبح سوا نو بجے کے قریب کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، ذرائع کے مطابق تین سے چار حملہ آور سفید کار چینی قونصلیٹ کے قریب پہنچے اور قونصل خانے کے دروازے پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں : چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گردہلاک
بہادراہلکاروں نے مقابلہ کیا جس پر دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا، جس میں دو اہلکار شہید ہوگئے، جس کے بعد دہشت گرد قونصل خانے کے احاطے میں داخل ہوئے اور ویزا سیکشن کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، یہاں بھی اہلکار موجود تھا، جس نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ۔
فورسز کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد احاطے ہی میں محصور رہے اور عمارت کے اندر داخل نہیں ہوسکے ، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد باہراحاطے ہی میں مارے گئے، جن سے بھاری اسلحہ اور خود کش جیکٹ برآمد ہوئے۔
دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا۔