اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میں سمجھتاہوں بھارتی رویے پرامریکا کو بھی احساس ہورہا ہے، مودی سرکار نے گاندھی اور نہرو کی سوچ کو برباد کردیا، اب سوال یہ ہے کہ یہ دنیا کب تک خاموش رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی رپورٹ بھارت کو بلیک لسٹ کرنے کا کہہ رہی ہے، بھارت میں مودی سرکار نے پوری ریاست کا حلیہ بگاڑ دیا، بھارتی سرکار کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ آج امریکا کا غیرجانبدار ادارہ بھارت کو بےنقاب کررہاہے، توقع تھی کہ بھارت کا رویہ بدلے گا ، مگر دنیا نے دیکھ لیا ، بھارتی سرکار کورونا وائرس کی ذمہ داری بھی مسلمانوں پر ڈال رہی ہے، آج دنیا کے بڑے اخباروں میں بھارت سے متعلق رپورٹ کا تذکرہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ یوایس کمیشن کی رپورٹ کے اثرات لازمی ہوں گے، بتدریج آگاہی آرہی ہے، امریکی میڈٰیا میں بحث شروع ہوگئی ہے،انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اب بھارت پر کھل کر تنقید کررہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں تمام اقلیتیں بھی غیر محفوظ ہیں ، رپورٹ میں328 ایسی وارداتوں کی نشاندہی کی گئی جس میں زبردستی کی گئی ، بھارتی سپریم کورٹ کا بابری مسجد کا فیصلہ بےبسی کی منہ بولتی تصویر ہے، مودی سرکار نے گاندھی اور نہرو کی سوچ کو برباد کردیا، اب سوال یہ ہے کہ یہ دنیا کب تک خاموش رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چند ہفتے پہلے اوآئی سی کو دوبارہ خط لکھا ہے ، خط میں بتایا کورونا وائرس کے بعد بھی بھارتی رویہ ذرا بھی نہ بدلا، او آئی سی کواب اپنے رویے پر نظرثانی کرنی چاہیے، اوآئی سی نے بھارتی رویے پرآواز نہ اٹھائی تو اپنی افادیت کھو بیٹھے گا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت سےمتعلق یواین ایچ سی آر کی سوچ بدل چکی ہے ، میں سمجھتاہوں بھارتی رویے پرامریکا کو بھی احساس ہورہا ہے، مودی سرکار کے رویے پر بھارت کےاندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
اپوزیشن کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ن لیگ ، پی پی نے5،5سال حکومت کی اور نیب پر تنقید کرتے رہے مگر اصلاح نہیں کی ، ن لیگ اور پی پی نے اپنے ادوار میں قانون سازی نہیں کی، ملک میں احتساب کا شفاف نظام رائج ہونا چاہیے ہماری حکومت کا مقصد انصاف کے تقاضوں پر احتساب ہونا چاہیے۔