برسلز : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی برسلز پہنچ گئے، جہاں وہ وزیرخارجہ نیٹوکےجنرل سیکرٹری اسٹولٹن برگ اوریورپی یونین کی عہدیدار فیڈ ریکا موگرینی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاکستان اوریورپی یونین میں جامع اسٹریٹجک پلان پر دستخط کیےجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر برسلز پہنچ گئے، برسلز پہنچنے پرسفیر نغمانہ ہاشمی اور سفارتخانے کے افسران نے ان کااستقبال کیا۔
وزیرخارجہ برسلز میں دفاعی اتحاد نیٹو کے ہیڈکوارٹر جائیں گے اور نیٹو کےجنرل سیکرٹری اسٹولٹن برگ سےملاقات کریں گے جبکہ شاہ محمود قریشی یورپی یونین کی عہدیدارفیڈریکاموگرینی سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاکستان اوریورپی یونین میں جامع اسٹریٹجک پلان پر دستخط کیےجائیں گے۔
وزیرخارجہ یورپی کونسل اجلاس میں علاقائی سیکورٹی پرنقطہ نظر پیش کریں گے اور برسلز میں پاکستانی کمیونٹی سےملاقات اورخطاب کریں گے۔
دورے کے دوران شاہ محمود قریشی برسلزمیں تصویری نمائش کاافتتاح بھی کریں گے۔
مزید پڑھیں : پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں، وزیر خارجہ
برسلز روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ طویل مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک معاہدے پر دستخط ہوں گے، یہ معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک پلان پر جو معاہدہ طے پایا ہے، اس پر 25 جون کو اعلیٰ عہدے دار فیڈریکا موگرینی کے ساتھ دستخط کروں گا، اس معاہدے سے یورپی یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز ہوگا۔
وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں، گاہے بگاہے ہم ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے رہے ہیں، اب انشاء اللہ مستقبل میں ایک نئی سمت میں آگے بڑھنے کا ارادہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا نیٹو کے ساتھ ہمارا تعاون رہا، افغانستان کے معاملاتِ میں ہم نے امریکی اور نیٹو فورسز کی بے پناہ مدد کی، نیٹو کے ساتھ دفاعی اور سیکورٹی معاملات میں تعلق برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔